رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹوشوٹ کی تمام پرنٹ کاپیاں ضبط کرانے کی کوشش، معاملہ عدالت پہنچ گیا
ممبئی،اگست۔ بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے حالیہ دنوں ایک برہنہ فوٹوشوٹ کرایا تھا جس پر بہت لے دے ہوئی اور ان کے خلاف ایف آئی آرز بھی کٹوائی گئیں۔ اب ایک شخص نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور استدعا کی ہے کہ ریاست مغربی بنگال کی حکومت کو رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹوشوٹ کی تمام پرنٹ فوٹوکاپیاں ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق کلکتہ ہائی کورٹ میں یہ درخواست خاتون وکیل نازیہ الٰہی خان کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔ نازیہ الٰہی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عوام کی اکثریت کی نظر میں رنویر سنگھ کی تصاویر فحش اور قابل اعتراض ہیں۔ لہٰذاریاستی حکومت کو اس فوٹوشوٹ کی پرنٹ کاپیاں ضبط کرنے اور میگزین (جس میں یہ تصاویر شائع ہوئی تھیں) کی ویب سائٹ کو مغربی بنگال میں بلاک کرنے کا حکم دیا جائے۔