رنویرسنگھ پر بغیرانشورنس گاڑی چلانے کا الزام
ٹوئٹر صارف کی پولیس کو شکایت ، اداکار کے قریبی ذرائع کا مؤقف بھی آگیا
ممبئی،اکتوبر۔ گزشتہ دنوں بالی ووڈ ادا کار رنویر سنگھ پربغیر انشورنس گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ "ٹائمز آف انڈیا” نے اپنی ایک رپورٹ میں اس الزام کو ثبوت کے ساتھ غلط ثابت کر دیا ہے۔ 2 روز قبل ایک ٹوئٹر صارف کی طرف سے کہا گیا تھا کہ رنویر سنگھ اپنی 3کروڑ 90لاکھ روپے مالیت کی لگڑری آسٹن مارٹن گاڑی چلا رہے ہیں جس کی انشورنس کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ٹوئٹر صارف کی طرف سے ممبئی پولیس کو بھی اپنی ٹویٹ میں ٹیگ کیا گیا تھا جس پر ممبئی پولیس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ٹریفک برانچ کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔‘‘ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جب اس الزام پر ردعمل کے لیے رابطہ کیا گیا تو رنویر سنگھ کے قریبی ذرائع نے نہ صرف اس الزام کو سختی سے مسترد کر دیا بلکہ ثبوت کے طور پر گاڑی کے انشورنس سرٹیفکیٹ کی ایک تصویر بھی بھیج دی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بغیر تصدیق کیے ایسی بے بنیاد خبریں نہیں پھیلانی چاہئیں۔