راج ناتھ نے اروناچل میں سیوم برج اور 27 دیگر بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
ایٹا نگر، جنوری۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو کنیکٹیویٹی رابطے کو فروغ دینے کے منصوبے کے تحت 28 بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا جس میں اروناچل پردیش میں اسٹریٹجک لحاظ سے اہم سیوم برج شامل ہیں۔مسٹر سنگھ نے آج اروناچل پردیش میں سیوم ندی پر 100 میٹر طویل اسٹیل آرچ پل اور 27 دیگر انفراسٹرکچر کا افتتاح اروناچل پردیش کے وزیر اعلی پیما کھانڈو، اروناچل ایسٹ کے رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ، جنرل آفیسر پروجیکٹس کی موجودگی میں پل سائٹ سے ریموٹ بٹن دبا کر کیا۔ اس موقع پر انڈین فوج کی مشرقی کمان کے کمانڈنگ ان چیف (جی او سی-ان-سی) لیفٹیننٹ جنرل آر پی کلیتا، جی او سی 3 کور لیفٹیننٹ جنرل آر سی تیواری اور دیگر معززین موجود تھے۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے ذریعے 724.3 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے 28 بنیادی ڈھانچے کے منصوبے سات سرحدی ریاستوں اور اروناچل پردیش، سکم، جموں و کشمیر، لداخ، راجستھان، پنجاب اور اتراکھنڈ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اس طرح کے تمام پروجیکٹوں کا ایک ساتھ افتتاح کرنا سرحدی علاقوں کی ترقی کے لیے بی آر او اور حکومت ہند کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہےسرحدی علاقوں کو ملانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پل کے کھلنے سے ہندوستان چین سرحد پر سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت اور بھاری توپ خانے کی نقل و حمل میں سہولت ہوگی۔اروناچل کے وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹر کھانڈو کی قیادت میں اس شمال مشرقی ریاست نے پچھلے کچھ سالوں کے دوران تمام شعبوں میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے، چاہے وہ صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ یا سیاحت ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج سیوم پل کا افتتاح اس علاقے اور پورے اروناچل پردیش کی ترقی کی رفتار کو ایک نئی تحریک دے گا۔