دیپک چاہر ایک اور انجری کا شکار، آئی پی ایل میں واپسی ہوئی مشکل
ممبئی، اپریل۔تیز گیندباز دیپک چاہر کرکٹ کے میدان میں کب واپس آئیں گے؟ اس سوال کا جواب اب شک کے دائرے میں ہے اور فی الحال اس کا جواب کسی کے پاس نہیں ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیب مکمل کرنے کے دوران ان کی پیٹھ میں چوٹ لگی ہے۔ چوٹ کتنی سنگین ہے، ابھی اس کے بارے میں بھی کوئی علم نہیں ہے۔ تاہم سپر کنگز کو اس حوالے سے بی سی سی آئی کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ چاہر تقریباً ایک ماہ سے این سی اے میں ہیں اور کواڈریسیپ (ران کے مسلز) میں آئی دراڑ سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہیں یہ چوٹ فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں لگی تھی۔ این سی اے کے فزیو کی طرف سے کی گئی ابتدائی تشخیص میں کہا گیا تھا کہ چاہر آئی پی ایل میں کئی میچوں میں کھیلنے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ تاہم چاہر کی انجری میں تیزی سے بہتری آرہی تھی۔ اس کی وجہ سے چنئی سپر کنگز کی ٹیم کو یہ امید تھی کہ اپریل کے آخر تک وہ ٹیم میں واپس آجائیں گے۔ تاہم پیٹھ کی چوٹ سے آئی پی ایل میں چاہر کی واپسی کو لے کر اب کئی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ اکتوبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے، بی سی سی آئی اور ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ تو یہی چاہے گی کہ چاہر مکمل فٹ ہونے کے بعد ہی میدان میں واپس آئیں۔ دیپک چاہر چنئی کے ابتدائی اوورز کے اہم سوئنگ گیند باز ہیں۔ ان کی غیر موجودگی سے چنئی کی ٹیم کا توازن پہلے سے ہی خراب ہے۔ ان کی ٹیم اپنے پہلے چار میچ ہار چکی ہے۔ ان چاروں میچوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ چنئی کی ٹیم پاور پلے میں وکٹیں نہیں لے پا رہی ہے۔ وہ اب تک کھیلے گئے تمام میچوں میں صرف دو وکٹیں لے سکے ہیں اور 8.48 کی اکانومی سے رن خرچ کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر چنئی کی ٹیم ابھی تک دیپک کی جگہ پر نہیں کر پائی ہے۔ دیپک چاہر کو چنئی نے 14 کروڑ کی خطیر رقم دے کر آئی پی ایل 2022 کی میگا نیلامی میں خریداتھا۔ ان کی غیرموجودگی میں ایڈم ملنے، مکیش چودھری اور تشار دیشپانڈ کو نئی گیند سونپی گئی ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ اب ان کے پاس کے ایس آصف اور راج وردھن ہنگارگیکر کا آپشن ہے، جنہیں آنے والے میچوں میں نئی گیند سونپی جا سکتی ہے۔