دھرمیندر نے مذاق اڑانے والے صارف کو عاجزی سے جواب دے دیا
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر نے طنز کرنے والے شخص کو زندگی کا سبق سکھاتے ہوئے عاجزی سے جواب دے دیا۔گزشتہ روز دھرمیندر نے انسٹاگرام پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ فلم تاج میں صوفی بزرگ شیخ سلیم چشتی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار کی اس پوسٹ پر ایک شخص نے لکھا کہ یہ ایک مشکل کے دوران جدوجہد کرنے والے اداکار کی طرح کیوں برتاؤ کر رہے ہیں؟دھرمیندر نے اس اکاؤنٹ پر اپنے جواب میں لکھا کہ زندگی میں ہمیشہ ایک خوبصورت جدوجہد ہوتی ہے، آپ، میں اور ہر ایک جدوجہد کر رہا ہے۔انہوں نے لکھا کہ آرام کا مطلب ہے آپ کے خوابوں اور خوبصورت سفر کا خاتمہ۔دھرمیندر کے اس جواب کی تعریف کرتے ہوئے ایک شخص نے لکھا کہ اس عاجزی کی آج کل سب سے زیادہ ضرورت ہے، آپ اربوں لوگوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔اس شخص کو جواب دیتے ہوئے اداکار نے لکھا کہ میں ہمیشہ محبت، امن اور ہم آہنگی کی دعا کرتا ہوں۔انہوں نے لکھا کہ ایسی چیزوں کو پھیلانے کے لیے سوشل میڈیا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔