دو سال میں دوسری بار کورونا میں مبتلا ہونے پر امیتابھ بچن کا اظہار مایوسی
ممبئی،اگست۔بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن جو دو روز قبل ایک بار پھر کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔انہوں نے اپنے ایک تازہ ترین بلاگ میں دو سال بعد ایک بار پھر وائرس کا شکار ہونے پر کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ یہ مایوس کن ہے۔ امیتابھ نے اس حوالے سے بلاگ میں اپنے مداحوں کو بتایا وہ نہیں چاہتے کہ اپنی صحت کے متعلق روز مرہ کا بلیٹن جاری کریں، تاہم پھر بھی وہ اپنی بیماری پر انہیں اپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔ 79 سالہ بالی ووڈ کے سینئر ترین اداکار نے اپنے بلاگ میں صحتیابی کے لیے دعائیں کرنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام تر احتیاط، ویکسی نیشن اور بوسٹر شاٹ کے باوجود لوگوں کے درمیان رہنے کی وجہ سے کورونا کی جیت ہوئی ہے اور یہ کہنا کہ میں مایوس ہوں غلط یا کمتر بات ہوگی، یہ وہ پریشانی ہے جس سے میں اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کون بنے گا کروڑ پتی کی فلمنگ رکنے پر وہ پریشان ہیں، کیونکہ اس دوران ضائع ہونے والے وقت کو کیسے ایڈجسٹ کیا جائے اور یہی وہ بے بسی ہے جس نے ہمارے سسٹم کو جکڑ لیا ہے۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن کو 2020 میں کورونا وائرس لاحق ہوا تھا اور وہ کئی دن اسپتال میں داخل بھی رہے تھے۔