دولت اور اقتدار کی بھوک میں لوگ پڑوسیوں کو بھی کھا جاتے ہیں، پوپ فرانسس

ویٹی کن سٹی،دسمبر ۔ دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری ہیں، ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی، کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس موقع پر خصوصی دعا کرائی۔غیر ملکی خبر ایجنسیکے مطابق پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارک باد دی اور حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی، اس موقع پر انہوں نے عالمی برادری سے یوکرین میں جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے پر زوردیا۔پوپ فرانسس نے یوکرین جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دولت کی لالچ اور اقتدار کی بھوک ایسی ہے کہ لوگ اپنے پڑوسیوں کو بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔ پوپ فرانسس نے کہا ہماری دنیا میں مرد اور عورتیں دولت اور طاقت کی بھوک میں اپنے پڑوسیوں، بھائیوں اور بہنوں کو بھی کھا جاتے ہیں، کتنی جنگیں ہم نے دیکھی ہیں اور کتنی جگہوں پر آج بھی انسانی وقار اور آزادی کی توہین کی جاتی ہے۔پوپ فرانسس نے پیسے، طاقت اور عیش و عشرت کی متمنی خطرناک دنیا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی لالچ کا سب سے بڑا شکار کمزور لوگ ہوتے ہیں۔

Related Articles