جے سوریہ نے ہندوستانی سیاحوں سے سری لنکا آنے کی اپیل کی

کولمبو، اکتوبر۔ سری لنکا کے سابق تجربہ کار کھلاڑی سنت جے سوریہ نے اپنے ملک کے خراب معاشی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی سیاحوں سے یہاں آنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستانی سیاح سری لنکا کی سیر کے لیے آئیں تاکہ سیاحت پر منحصر چھوٹے غریب لوگوں کو سنگین اقتصادی بحران سے باہر نکلنے میں مدد مل سکے۔ جے سوریہ نے ہفتہ کو ٹویٹ کیاکہ "ہمارے چھوٹے سے جزیرے میں سیاحوں کے لیے سب کچھ ہے۔ یہ دیکھنے کے لیے ایک خوبصورت جگہ ہے، ہم ایک برے دور سے گزر چکے ہیں اور اب ہمیں سری لنکا کو بحال کرنے کے لیے سیاحوں کی ضرورت ہے، میں اپنے تمام ہندوستانی دوستوں سے سری لنکا کا دورہ کرنے کی درخواست کر رہا ہوں۔‘‘ ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو پیغام میں جے سوریہ نے کہاکہ "ہم چاہتے ہیں کہ بڑی تعداد میں ہندوستانی سیاح سری لنکا کے مقامات کی سیر کریں۔ ہمارے ملک میں بہت سے ثقافتی ورثے اور خوبصورت مقامات ہیں۔ یہ چھوٹا سا جزیرہ سیاحوں کے لیے قدرتی حسن سے بھرپور ہے۔ سری لنکا کی بطور ٹیم مدد کرنا ہمارے لیے اہم ہے۔ ہم ہندوستانیوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ یہاں دس لاکھ سیاحوں کی آمد کی توقع کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ سیاسی عدم استحکام اور ملک میں غیر معمولی معاشی بحران کی وجہ سے ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔

Related Articles