جدہ کے اسکول میں جھگڑے کے دوران میں ایک طالب علم ہلاک
جدہ ،اپریل۔مکہ مکرمہ صوبے میں سعودی پولیس نے ایک اسکول میں جھگڑے کے دوران طالب علم کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر مملکت میں ایک اسکول کے اندر طلبہ کے درمیان لڑائی کا وڈیو کلپ کثرت سے پوسٹ کیا گیا تھا۔جدہ کی پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ ضلع کے ایک اسکول میں دو طالب علموں کے بیچ جھگڑا ہوا ہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں طالب علم 15 برس کے ہیں اور ان میں سے ایک طالب علم جھگڑے کے نتیجے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش میں آنے والے وڈیو کلپ میں طلبہ کے ایک مجموعے کو ہاتھا پائی میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران ایک طالب علم جھگڑے سے باہر آیا اور اچانک زمین پر گر کر غیر متحرک ہو گیا!وڈیو کلپ کے سبب سوشل میڈیا پر سعودی عوامی حلقوں کے بیچ غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔