جانی ڈیپ نے چند گھنٹوں میں 3 ملین پونڈز کما لیے
ممبئی،اگست۔معروف امریکی اداکار جانی ڈیپ نے صرف چند ہی گھنٹوں میں 3 ملین پونڈز کما لیے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ اپنی سابقہ اہلیہ اور اداکارہ ایمبر ہرڈ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد اس ہفتے اپنے پہلے آرٹ کلیکشن کے کام پر زبردست انداز میں واپس آئے ہیں۔ رواں ہفتے جانی ڈیپ کی آرٹ کلیکشن کیسل فائن آرٹ کے ذریعے 3.6 ملین پونڈز میں فروخت ہوئی ہے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق 28 جولائی کو جانی ڈیپ نے اپنی 780 آرٹ پیسز پر مشتمل آرٹ کلیکشن کا ایک محدود ایڈیشن نیلام کیا تھا جو چند گھنٹوں میں فروخت ہو گیا تھا۔آرٹ کلیکشن میں موجود تصاویر کی قیمت انفرادی طور پر 3 ہزار 9 سو 50 پونڈز تھی، اس طرح اداکار کا مجموعی طور پر 4 تصاویر کا مکمل پورٹ فولیو 14 ہزار 9 سو 50 پونڈز میں فروخت ہوا۔ رپورٹ کے مطابق اداکار کے ’فرینڈز اینڈ ہیروز‘ کے اس مجموعے میں باب ڈیلن، کیتھ رچرڈز، الزبتھ ٹیلر اور الپاچینو کے پاپ آرٹ اسٹائل کے پیسز بھی شامل تھے۔جانی ڈیپ کا اپنی آرٹ کلیکشن کے بارے میں کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنے جذبات کے اظہار اور ان لوگوں کی تعریف کرنے کے لییہمیشہ فن کا استعمال کیا ہے، جو میرے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، جن میں میرا خاندان اور دوست شامل ہیں۔اْنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میری پینٹنگز میری زندگی کو گھیرے ہوئے ہیں، لیکن میں نے انہیں اپنے تک ہی رکھا، لیکن کسی کو بھی خود کو اتنا محدود نہیں کرنا چاہیے۔