جانی ڈیپ ’’جیک اسپیرو‘‘ کے کردار میں واپسی آسکتے ہیں، رپورٹس
لاس اینجلس،نومبر۔ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ہیرو جانی ڈیپ کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ پائریٹس آف دی کیریبین کے چھٹے سیکول میں کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں واپسی کرسکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ایمبر ہرڈ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد جانی ڈیپ کو ڈزنی نے ایک بار پھر جیک اسپیرو کے کردار لیے انہیں واپس لانے کی کوشش شروع کردی ہے، جس کے لیے انہیں 300 ملین ڈالر کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزام کے بعد انہیں فلم کے کردار سے نکال دیا گیا تھا جبکہ الزامات سے بری ہونے کے بعد جانی ڈیپ نے ڈزنی کیلئے کام کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن اب قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ’’جیک اسپیرو‘‘ کے کردار کیلئے سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔قبل ازیں ڈیپ نے کہا تھا کہ ’اگر ڈزنی 300 ملین ڈالر اور ایک ملین الپاکا کے ساتھ بھی آتا ہے، تو اس زمین پر کوئی بھی چیز مجھے واپس جانے اور ڈزنی کے ساتھ پائریٹس آف دی کیریبین فلم میں کام کرنے کے لئے راضی نہیں کر سکتی تھی‘۔