جارج کلونی نے ایک دن کام کرنے کے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کیوں ٹھکرائے؟
لاس اینجلس،نومبر۔ہالی ووڈ کے سپر اسٹار جارج کلونی نے ایک دن کام کرنے کے عوض ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کی رقم ٹھکرا دی تھی۔ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ 2022 میں جارج کلونی سے انیل کپور نے اس حوالے سے سوال کیا۔ کلونی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تھے جنہیں خواتین کے حقوق کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بات کرنے پر جیل میں ڈالا گیا تھا۔مجھے جنہوں نے ساڑھے تین کروڑ ڈالر کی پیشکش کی وہ لوگ جیل میں قید افراد سے وائٹ واش کرنے کے لیے کروڑوں ڈالر لے رہے تھے، اور اسی لیے مجھے ایک دن کام کرنے پر ساڑھے تین کروڑ ڈالر کی آفر دی گئی۔جارج کلونی نے کہا کہ مجھے یہ بات بہت عجیب لگتی ہے کہ آپ کسی ایسے شخص کے لیے کام کریں جو لوگوں کے شہری اور انسانی حقوق سلب کر رہا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت مشکل لگا کہ ان لوگوں سے میں یہ رقم لوں، صرف اس لیے کہ میرا نام استعمال کرکے وہ لوگ اپنا نام صاف کرنا چاہتے تھے۔کلونی نے کہا کہ میری نیک نامی کہیں زیادہ معنی رکھتی ہے، میں نے اپنی اہلیہ سے بات کی، ہم نے سوچا کہ ہم ایک فاؤنڈیشن بنا کر اس میں یہ رقم ڈال دیں گے لیکن ہر چیز کی قیمت ہوتی ہے اور میری عزت کی کوئی قیمت نہیں لگا سکتا، میرے والدین نے مجھے جو کچھ سکھا کر ایسا انسان بنایا ہے وہ قابل فروخت نہیں ہے۔