تیز رفتار ٹرین کے سفر کے دوران بچے کی پیدائش
پیرس،جنوری۔فرانس میں ٹرینوں کو اپنی منزل میں پہنچنے میں کبھی تاخیر نہیں ہوتی مگر سفر کے دوران اگر بچے کی پیدائش ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟ایسا ہونے پر مسافروں کو اپنی منزل پر پہنچنے میں تاخیر ہوجائے گی۔کم از کم ایسا واقعہ گزشتہ دنوں میں پیش آیا جب پیرس سے Strasbourg جانے والی تیز رفتار ٹرین کے سفر کے دوران بچے کی پیدائش ہوئی۔ریلوے حکام کے مطابق حاملہ خاتون کو سفر کے آغاز میں تکلیف محسوس ہونا شروع ہوئی تھی۔اس خاتون نے عملے کو آگاہ کیا جس کے بعد ٹرین کو مشرقی فرانس کے ایک اسٹیشن پر روک دیا گیا۔اس اسٹیشن پر طبی عملے نے خاتون کا جائزہ لیا اور بچے کی پیدائش میں مدد فراہم کی۔اس موقع پر دیگر مسافروں کو تحمل کے ساتھ انتظار کرنے کا کہا گیا اور 80 منٹ کے بعد لڑکے کی پیدائش ہوئی۔حکام کے مطابق بچے کی پیدائش طے شدہ وقت سے کچھ پہلے ہوئی گئی تھی جس کے باعث ماں اور بچے کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔اب لوگ یہ سوچ کر حیران ہورہے ہیں کہ کیا اس بچے کو حکام کی جانب سے کوئی تحفہ دیا جائے گا یا اسے اس کے لیے ٹرین کا سفر مفت کردیا جائے گا، جیسا طیاروں میں بچوں کی پیدائش کے بعد ہوتا ہے۔