تلنگانہ-چھتیس گڑھ سرحد پر انکاؤنٹر میں دو ماؤنواز مارے گئے
حیدرآباد، مئی۔تلنگانہ کے بھدردری کوٹھا گوڈیم ضلع میں تلنگانہ-چھتیس گڑھ سرحد پر سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تصادم میں دو ماؤنواز مارے گئے۔ یہ انکاؤنٹر ضلع کے چیرلا منڈل کے پٹپاڈو جنگل میں ہوا۔ مبینہ طور پر ہلاک ہونے والوں میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤسٹ) کا آئی او ایس کمانڈر راجیش بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تلنگانہ کی اینٹی ماؤسٹ فورس گرے ہاؤنڈس کے اہلکار جنگل میں تلاشی مہم چلا رہے تھے۔ ماؤنواز گرے ہاؤنڈس کے آمنے سامنے آگئے۔ جب انہیں ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ماؤنواز مخالف فورس نے بھی فائرنگ کی۔ اس دوران دو ماؤنواز مارے گئے اور دیگر گھنے جنگل میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرے ہاؤنڈ کے اہلکاروں کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ چھتیس گڑھ کے جنوبی بستر میں 26 اپریل کو بارودی سرنگ کے دھماکہ میں 10 سیکورٹی اہلکاروں اور ایک شہری کی موت کے تناظر میں، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ وہ حفاظتی نظام کو مضبوط رکھیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ ریاست میں امن و امان سے متعلق ایک چھوٹا سا واقعہ بھی ریاست تلنگانہ کی ترقی پر سنگین اثر ڈال سکتا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس افسران کو زیادہ چوکس رہنا چاہیے اور حالات سے مضبوطی سے نمٹنا چاہیے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکام کو ریاست میں سیاسی معززین اور وی وی آئی پی موومنٹ کے دورے کے دوران سیکورٹی کے لحاظ سے مناسب احتیاط برتنی ہوگی۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کے سرحدی علاقوں میں ماؤنواز ایکشن ٹیموں کی نقل و حرکت میں اضافے کے پیش نظر مزید چوکس رہیں۔