تائیوانی حسینہ کو قومی پرچم لہرانے کی اجازت کیوں نہیں ملی؟
کوالالمپور،ستمبر۔ ملائیشیا میں حْسن کے مقابلے میں شامل تائیوانی حسینہ کو اپنا قومی پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دی گئی۔تائیوان کے حکام کے مطابق، ایک تقریب کے دوران مس تائیوان کاؤ مان-جنگ مدمقابل دیگر حسیناؤں کے ہمراہ اسٹیج پر نمودار ہوئیں تو ان کی روتے ہوئے تصویر کھینچی گئی۔اس حوالے سے تائیوان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ’چین نے ملائیشیا کے منتظمین پر دباؤ ڈالا کہ وہ مس کاؤ کو اسٹیج پر ہمارے قومی پرچم کو لہرانے کی اجازت نہ دے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے اس معاملے پر ملائیشیا میں اپنے نمائندے کے دفتر کو منتظمین سے باضابطہ شکایت درج کرنے کی ہدایت کی ہے‘۔تائیوان کی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اس طرح کا دباؤ صرف تائیوان کے لوگوں اور بین الاقوامی برادری میں چین کے لیے مزید نفرت کا باعث بنے گا‘۔خیال رہے کہ چین خودمختاری کا دعویٰ کرنے والے تائیوان کو اپنے ملک کا حصّہ قرار دیتا ہے۔