بی جے پی میں 75 سال کی عمر مکمل کرنے والوں کو بھی ایوان بالا میں لایا جائے: رام گوپال

نئی دہلی، مارچ ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 75 سال کی عمر مکمل کرنے والے سینئر لیڈران کو’’مارگ درشک منڈل‘‘ میں رکھنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن پروفیسر رام گوپال یادو نے جمعرات کو بی جے پی سے ایسے سینئر لیڈران کو ایوان میں لانے کی اپیل کی جو 75 سال کی عمرمکمل کرچکے ہیں لیکن پوری طرح صحت مند ہیں اوراپنے تجربات شیئر کر سکتے ہیں۔پروفیسر یادو نے ایوان میں اپنی مدت کار مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہونے والے 72 ارکان کا شکریہ ادا کرنے کے موقع پر کہا کہ اس ایوان میں بہت سینئر ارکان آتے ہیں۔ لیکن بی جے پی میں 75 سال کی عمر مکمل کرنے والوں کو اب ایوان میں بھیجنابند کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ایسے سینئر لیڈروں کو بھی ایوان میں لانا چاہئے جو 75 سال مکمل کرنے کے بعد بھی پوری طرح صحت مند ہیں اور اپنے تجربے سے ایوان کا سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کے خیال سے اتفاق کریں گے۔ تاہم مسٹر نائیڈو نے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔انہوں نے اپنی مدت کار مکمل کرچکے ارکان کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کچھ ارکان واپس آئیں گے لیکن کچھ نہیں، تاہم امید ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں گے اپنے تجربات سے قوم اور معاشرے کی خدمت کرتے رہیں گے۔

Related Articles