بیروت:لینڈنگ کے دوران میں مڈل ایسٹ ایئرلائنز کا مسافرطیارہ’آوارہ‘گولی کانشانہ بن گیا
بیروت،نومبر۔مڈل ایسٹ ایئرلائنز(ایم ای اے) کا ایک مسافر طیارہ جمعرات کو بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرلینڈنگ کے دوران میں ایک ’’آوارہ‘‘ گولی کا نشانہ بن گیا ہے لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔طیارہ اردن سے بیروت آرہا تھا۔الشرق الاوسط فضائی کمپنی کیچیئرمین محمد الحوت نے بتایا کہ ہرسال بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آس پاس کے علاقوں سے سات سے آٹھ کھڑے طیارے آوارہ گولیوں کا نشانہ بن جاتے ہیں لیکن بدھ کو رونما ہونے والااس طرح کا پہلا واقعہ ہے جب فضا میں دوران پرواز مسافرطیارے کو گولی لگی ہے۔لبنان میں کسی جشن کے موقع پرہوائی فائرنگ ایک عام معمول ہے۔اس ننھے ملک میں اسلحہ عام ہے اورحزب اللہ کے جنگجوؤں کے علاوہ عام شہریوں کے پاس بھی بندوقیں اور آتشیں ہتھیار ہیں۔سیاستدانوں کی تقریروں اور سرکاری امتحانات کے نتائج کے اجراء کے موقع پرآتشیں ہتھیاروں سے اکثرفائرنگ کی جاتی ہے۔محمدالحوت کاکہنا تھا کہ ’’لبنان میں ہوائی فائرنگ کے اس عمل کو روکنا ضروری ہے۔یہ ہوائی ٹریفک اور ہوائی اڈے کے لیے خطرے کا موجب ہے‘‘۔اس مسافرطیارے میں سوارلبنانی قانون ساز پاؤلا یعقوبیان نے اپنے ٹویٹر پیج پر واقعہ کی بعض تصاویر شیئرکی ہیں،ان میں طیارے کے مرکزی حصے میں گولی لگنے سے سوراخ دکھائی دے رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ اس طیارے کی نشست 2 ایف پربیٹھی ہوئی تھیں جب گولی لگنے کا واقعہ ’’میرے سر کے بالکل اوپر‘‘پیش آیا۔