بھوپال کی میئر مالتی رائے نے حلف لیا ، شیوراج کی شرکت
بھوپال، اگست۔بھوپال کی نو منتخب میئر مالتی رائے نے آج مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی موجودگی میں حلف لیا۔اس موقع پر نومنتخب کونسلرز نے بھی حلف اٹھایا۔ کلکٹر بھوپال اویناش لاوینیا نے حلف کروایا۔وزیر اعلی مسٹر چوہان کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر وشنو دت شرما، طبی تعلیم کے وزیر وشواس سارنگ اور کئی عوامی نمائندے موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چوہان نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عاجزی کے ساتھ عوامی خدمت کی مثال قائم کرنی چاہیے۔ ایک بار منتخب ہونا آسان ہے۔ اس کے بعد دوبارہ منتخب ہونے کا تعین امیدوار کے رویے اور عام لوگوں کے لیے کیے گئے کام کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ بھوپال میونسپل کارپوریشن کو مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے لیے ضروری مالی مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے بھوپال کے لئے کئی فلائی اوور منظور کئے ہیں۔ بھوپال میں روڈ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ ہوائی رابطہ سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نقل و حمل کے نئے طریقے عام لوگوں کے لیے دستیاب کرائے جائیں گے۔ اس میں کیبل کار بھی شامل ہے۔ انہوں نے تمام عوامی نمائندوں سے شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہر گھر پر ترنگا مہم میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ حب الوطنی کی علامت آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر عوامی نمائندے اور شہری مل کر ہر گھر پر قومی پرچم لہرائیں۔ پروگرام میں کئی عوامی نمائندے موجود تھے۔