بھارتی گلوکارہ کا اذان کیلئے لاؤڈ اسپیکر پر پابندی کا مطالبہ
ممبئی،اپریل۔معروف بھارتی گلوکارہ انورادھا نے اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں مقبول گانوں کو اپنی آواز دینے والی معروف گلوکارہ انورادھا نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کے معاملے پر کہا کہ اگرچہ وہ کسی مذہب کے خلاف نہیں ہیں لیکن بھارت میں چیزوں کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ انورادھا نے کہا کہ مسلم ممالک سمیت دنیا بھر میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان بجانے پر پابندی ہے اور جب بھارت مسلمان مسجد سے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دیتے ہیں تو دیگر کمیونٹیز کے لوگ سوال کرتے ہیں کہ اگر مسلمان لاؤڈ اسپیکر استعمال کر سکتے ہیں تو ہم ایسا کیوں نہیں کر سکتے؟ اْنہوں نے کہا کہ میں نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کا سفر کیا ہے جہاں لاؤڈ اسپیکر پر پابندی ہے، جب مسلم ممالک اس کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں تو بھارت میں اس طرح کے طرز عمل کی کیا ضرورت ہے؟ اْن کا مزید کہنا تھا کہ اگر لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پر پابندی عائد نہیں کی گئی تو بھارت میں لوگ لاؤڈ اسپیکر پر اپنے بھجن بجانا شروع کر دیں گے، یہ بدامنی کا باعث بنے گا، جو اچھا نہیں ہے۔واضح رہے کہ اس قبل گلوکار سونو نگم نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ لاؤڈ اسپیکرز پر پابندی عائد ہونی چاہیے چاہے وہ مسجد میں ہوں یامندر۔