بھارتی اداکار ایم بالیا کا 94 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا
ممبئی ،اپریل۔بھارتی فلم انڈسٹری کے تجربہ کار اداکار ایم بالیا کا گزشتہ روز صبح حیدرآباد میں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا، ان کی عمر 94 برس تھی۔ انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی تھی۔ ان کی موت کے بعد ٹولی وڈ کی کئی مشہور شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اداکار اور ایم ایل اے ننداموری بالاکرشنا نے بھی بالیا کے لئے تعزیتی نوٹ لکھا۔ایم بالیا نے تاپی چانکیہ کے ڈائریکشن اور سارتھی اسٹوڈیو کی بنائی گئی ایک سماجی فلم ایتھوکو پائی ایتھو سے بطور اداکار اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے پاروتی کلیانم، بھاگیہ دیوتا، کم کم ریکھا، کرشن کماری جیسی فلموں میں اداکاری کرکے اپنی شناخت بنائی۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے تقریباً تین سو فلموں میں اداکاری کی۔ ان کیلکھے گئے ناٹ نلوپو ٹیلوپو کو بعد میں چللیلی کپورم میں دوبارہ بنایا گیا اور اسے آندھرا پردیش کی حکومت سے گولڈ نندی ایوارڈ ملا۔ایم بالیا نہ صرف ایک اداکار تھے بلکہ وہ تیلگو سنیما کے پروڈیوسر، اسٹوری رائٹر اور ہدایت کار بھی تھے۔