بھارتی اداکارہ مونی رائے کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی
ممبئی،جنوری۔بھارتی ٹی وی اسٹار مونی رائے رواں ماہ 27 جنوری کو اپنے قریبی دوست سورج نمبیار کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مونی رائے اور اْن کے بوائے فرینڈ سورج نمبیار کی شادی سے متعلق پہلے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ دبئی میں شادی کریں گے تاہم اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ جوڑا بھارت میں گوا کے ساحل پر اپنی شادی کی تقریب منعقد کریں گے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ مونی رائے کی شادی کے لیے ایک فائیو اسٹار ریزورٹ کو بْک کیا گیا ہے، اگرچہ دعوت نامے تقسیم ہونا شروع ہو گئے ہیں لیکن مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کے بارے میں خاموش رہیں۔اس جوڑے کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ تمام مہمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھیں۔شادی میں مدعو کرنے والوں کی فہرست میں کرن جوہر، ایکتا کپور اور منیش ملہوترا جیسے نام شامل ہیں۔دوسری جانب اپنی شادی کی تمام تیاریوں کی ذاتی طور پر نگرانی مونی رائے خود کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ مونی رائے اور اْن کے بوائے فرینڈ سورج نمبیار نے ابھی تک اپنی شادی کی خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔