برطانیہ میں ترقی کرنے کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں، وزیرتعلیم، غوثیہ مسجد ارڈنگٹن کا دورہ
برمنگھم،فروری۔ برطانیہ ایک عظیم ملک ہے۔ ہمارے آبائو اجداد نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہاں پر نہ صرف دنیا کی بڑی تعلیمی درسگاہیں ہیں بلکہ تعلیم سے فراغت کے بعد بہترین مواقع بھی میسر آتے ہیں کہ اعلیٰ حکومتی ایوانوں میں مقام حاصل کیا جاسکے اور ترقی کی جاسکے۔ صرف گذشتہ برس تقریباً 6لاکھ افراد دنیا بھر سے یہاں حصول علم کیلئے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منسٹر آف ایجوکیشن (سیکرٹری آف ا سٹیٹ ایجوکیشن) ندیم ظہاوی نے غوثیہ مسجد قبیلہ حضرت ارڈنگٹن کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔ ان کے ہمراہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے حکمران پارٹی کے امیدوار کونسلر رابرٹرٹ ایڈن سمیت فیصل مرزا، محمد سجاد ، محبوب حسین اور دیگر بھی موجودتھے۔اس موقع پر وزیرتعلیم کو خطیب ادارہ ہذا دلپذیر، حافظ غلام رسول نے بریفنگ دی۔ وزیرتعلیم نے گلہار شریف کے شیخ سے تفصیلاً ملاقات کی۔ ایجوکیشن منسٹر ندیم ظہاوی نے مزید کہا کہ برطانیہ کثیر الثافتی ملک ہے یہاں سب کو یکساں مواقع میسر ہیں۔ جو جتنی محنت کرے گا اسے بلا تخصیص رنگ و نسل اتنا ہی موقع ملتا ہے۔اپنی محنت کی بنا پر اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ پالیسی میکر اداروں اور حکوتی ایوانوں میں مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ندیم ظہاوی کا مزید کہنا تھا کہ میری پیدائش بغداد عراق کی ہے گیارہ برس کی عمر میں یہاں آیا تھا۔ برطانیہ میں محنت مزدوری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی یہاں کی سیاست میں حصہ لیا۔ حکمران جماعت کنزر ویٹو میں ممبر شب حاصل کی۔ اس جماعت کی ایک یہ بھی خوبی ہے کہ یہاں پر آزادی اور مواقع FREEDOM & OPPORTUNITYہیں۔ وقت اور حالات کے مطابق جو بھی فیصلہ کرے گا۔ وہ آگے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کے دوران میرے پاس ویکسی نیشن کی وزارت تھی۔ ہم نے وزیراعظم بورس جانسن کی قیادت میں برطانیہ کو دنیا کا سب سے زیادہ ویکسین لگوانے والا ملک بنا دیا بلکہ غریب اور پسماندہ ممالک کو بھی ہم نے بطور عطیہ ویکسین دی۔ ندیم ظہاوی کا مزید کہنا تھا مجھے برمنگھم کنزرویٹو لیڈر اور ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار کونسلر رابرٹ ایلڈن نے بریف کیا کہ جامع مسجد غوثیہ قبلہ گلہار شریف کی جانب سے حضرت صاحب کی زیر نگرانی بے گھر افراد اور سینئر سیٹزن کو کھانا اور ادویات تقسیم کی گئی۔ بلکہ دیکھ بھال کیلئے بھی امداد کی گئی یہ قابل تحسین اقدام ہے اور میں ذاتی طور پر آپ کے پاس شکریہ ادا کرنے کیلئے حاضر ہوا ہوں جس طرح برمنگھم گریٹ سٹی ہے اس طرح یہاں پر آباد کمیونٹیز بھی گریٹ ہیں اور ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمیں آپ کا تعاون درکار ہوگا آپ ہمارے دست و بازو بنیں اور ضمنی الیکشن میں کونسلر رابرٹ ایلڈن کو منتخب کر یں تاکہ برطانیہ کے بڑے ایوان پارلیمنٹ میں گرین بنچ پر آپ کی نمائندگی کرسکے۔اس موقع پر کونسلر رابرٹ ایلڈن نے کہا کہ ہم ارڈنگٹن کورونا ٹاسک فورس کے پلیٹ فورم سے یہاں آباد تمام کمیونٹیز سے رابطے میں رہے۔ اس مسجد اور یہاں سے وابستہ کمیونٹی نے ایک مثالی کمیونٹی کا رول اد ا کیا اورہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ آخر میں نماز جمعہ کے اختتام پر قبلہ حضرت صاحب نے خصوصی دعا کرائی۔