برطانیہ میں ایک اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی

درجہ حرارت 35 درجہ تک جانے کا امکان

لندن ،اگست۔برطانیہ میں اگلے ہفتے سے ایک اور ہیٹ ویو شروع ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس دفعہ درجہ حرارت گزشتہ ہیٹ ویو کے مقابلے میں جب درجہ حرارت43درجہ تک پہنچ گیا تھا، نئی ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت35درجے تک جانے اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر جولائی کے مقابلے میں زیادہ طویل ہوسکتی ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس خشک موسم میں کھلے مقامات اور گارڈنز میں بار بی کیو کا اہتمام نہ کریں کیونکہ اس سے پہلیاسیکس میں آگ لگنے کے بعد قابو سے باہر ہوجانے کی وجہ سے 15 گھروں کو خالی کرانا پڑا تھا۔ اسیکس کائونٹی فائر اینڈ ریسکیو سروسز کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم 40 افراد کو گھر چھوڑ کر بھاگنا پڑا تھا اور ایک درجن کے قریب مکانوں کو نقصان پہنچا تھا۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ موسم گرما کے دوران شام کے وقت لوگوں کے جمع ہونے اور باربی کیو کا اہتمام کرنے کا اچھا موقع ہوتا ہے لیکن لوگوں کو سختی سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس خشک موسم میں باربی کیو پارٹیز سے احتراز کریں۔ فائر سروس نے بھی آتشبازی چلانے یا آسمان لالٹین جلانے کی بھی ممانعت کی ہے کیونکہ اس سے بڑے پیمانے پر آگ بھڑک سکتی ہے۔ پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ پورے انگلینڈ اور ویلز میں اگلے پورے ہفتے برطانیہ کو ہوا کے شدید دبائو کا سامنا ہوگا جبکہ اسکاٹ لینڈ کے شمال مغربی علاقے ابر آلود رہیں گے اور بدھ کو تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہفتہ کے اختتام پر موسم خوشگوار ہوجانے کا امکان ہے۔ اتوار کو برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں دھوپ پھیلی رہی اور درجہ حرارت 28.1 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ ماہر موسمیات ٹام مورگن کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے بیشتر علاقے میں دھوپ پھیلی رہے گی اور درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہوتا جائے گا۔ ہفتہ کے آخر تک اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ میں بھی پورے برطانیہ کی طرح موسم خوشگوار ہوجائے گا، دھوپ پھیلی رہے اور زیادہ گرمی نہ ہو تو بھی موسم گرم رہے گا، پورے ہفتے موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی انگلینڈ کیلئے یہ یقیناً بری خبر ہے جہاں کچھ بارش ہوجانا بہتر ہوگا۔ منگل کو درجہ حرارت 28 سے 29 درجہ سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔جمعہ اور ہفتہ کو درجہ حرارت اپنے عروج پر ہوگا۔ ویسٹ مڈلینڈز اور ویسٹ کائونٹی میں سب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 35 درجہ رہنے کا امکان ہے، تاہم درجہ حرارت جولائی کی طرح بہت اونچی سطح پر جانے کا امکان نہیں ہے اور زیادہ تر عرصہ تک درجہ حرارت 30 درجہ سے کم رہنے کی توقع ہے۔ ہیٹ ویو کے بعض منفی اثرات پڑنا لازمی ہیں، جن میں تھکن، ڈی ہائیڈریشن یعنی جسم میں پانی کی کمی پیدا ہوجانا اور اس طرح کی شکایات شامل ہے، جس کی وجہ سے این ایچ ایس پر دبائو بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ کمزور افراد گرمی سے متعلق شکایت پر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ محکمہ صحت نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرمی کے منفی اثرات سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، دن میں گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں، پردے ڈالے رکھیں اور دوپہر کو دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔ ماحولیات سے متعلق وزیر جارج یوسٹک نے واٹر کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس خشک موسم میں ہوز پائپ کے استعمال پر پابندی عائد کریں۔ انھوں نے کہا کہ کچھ کمپنیوں نے اس خشک موسم کے اثرات کم کرنے کیلئے ہوز پائپس پر پہلے ہی پابندی عائد کردی ہے۔ دوسری کمپنیوں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہئے۔ گرمی کی پیشگوئی کے بعد پہلی مرتبہ کسی وزیر کی جانب سے اس مداخلت کے بعد اب اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ لوگوں کو گارڈنز میں پانی ڈالنے، کاریں دھونے اور سوئمنگ پول بھرنے کی ممانعت کردی جائے گی۔

 

Related Articles