برطانوی فضائیہ کے پائلٹس کی 80 فیصد تربیت سیمولیٹرز پر ہوگی
لندن،نومبر۔ برطانوی فضائیہ نے ماحول دوست اقدامات کرتے ہوئے اپنے پائلٹس کے تربیتی سیشنز کی تعداد انتہائی حد تک کم کر دی ہے اور اب زیادہ تر سیشنز صرف سیمولیٹر پر ہی مکمل کیے جائیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماحول دوست اقدامات کرتے ہوئے رائل ایئرفورس نے اپنے پائلٹس کیلئے اصل لڑاکا طیارے میں بیٹھ کر تربیت کے سیشنز کی تعداد کم کرکے صرف 20 فیصد کر دی ہے جبکہ 80 فیصد ٹریننگ سیمولیٹر پر ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر مرتبہ جب بھی برطانوی فضائیہ کا ٹائیفون طیارہ تربیتی سیشن کیلئے اْڑتا ہے تو اس سے ایک پرواز پر لاکھوں پائونڈز خرچ ہوتے ہیں لیکن اب برطانیہ کی ایرو اسپیس انجینئرنگ کمپنی (بی اے ای) کی مدد سے رائل ایئر فورس یہ اخراجات کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ فی الوقت اصل طیاروں میں تربیت کے سیشن 70 فیصد جبکہ باقی حصہ سیتھیٹک ٹریننگ کے ہوتے ہیں۔ بی اے ای کا کہنا ہے کہ نئے اقدامات کے نتیجے میں ہر بڑے تربیتی سیشن کو کم کرکے ایک ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ (ماحول دشمن) گیس کے اخراج کو روکنے میں مدد ملے گی۔