’براہمسترا‘ شائقین فلم پر جادو چلانے میں ناکام

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’براہمسترا‘ باکس آفس پر اپنا جادو نہ چلا سکی۔شائقین فلم کی بڑی تعداد نے گزشتہ کئی مہینوں سے شہ سرخیوں میں رہنے والی بڑے بجٹ کی فلم کی کہانی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔بھارتی فلموں کے مشہور ناقد ترن آدرش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر فلم کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم انتہائی مایوس کْن ہے، اس میں VFX زیادہ اور کہانی کی کمی ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’براہمسترا‘ ایک گیم چینجر فلم ثابت ہو سکتی تھی لیکن انہوں نے یہ موقع گنوا دیا، فلم میں صرف چمک دھمک ہے ، اس میں کوئی جان نہیں۔دوسری جانب میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم نے ریلیز سے قبل ہی 40 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے تاہم فلم کی ریلیز سے دو روز قبل اس کے خلاف بائیکاٹ مہم کا آغاز ہوا تھا۔بائیکاٹ مہم کا آغاز رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے ماضی میں گائے کے گوشت کے حوالے سے دیئے گئے بیان کی بنیاد پر ہوا، اسی وجہ سے گزشتہ دنوں مظاہرین نے انہیں اجین کے مہاکال مندر میں داخل ہونے سے بھی روک دیا تھا۔فلم میں عالیہ بھٹ ، شوہر رنبیر کپور، امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان سمیت کئی دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

Related Articles