بالی ووڈ کے وہ ستارے جن پر شادی کے بعد قسمت کی دیوی مہربان ہوئی
ممبئی،مارچ۔گزشتہ عشروں کے دوران بھارتی فلمی صنعت کا مرکز ممبئی نگری یا بالی ووڈ کافی تبدیلیوں سے گزرا، یہاں کے بارے ایک پرانی اور گئے وقتوں کی کہاوت تھی کہ اسٹارز جیسے ہی شادی کرتے ہیں تو وہ اپنی شہرت اور اسٹارڈم کھو دیتے ہیں، لیکن اب یہ کہاوت درست نہیں رہی۔ماضی کے برخلاف اب سلیبریٹیز کے لیے شادی ایک آپشن ہے اور بہت ساروں نے تو شادی کے بعد ہی اپنے کیریئر کا عروج پایا ہے، یہاں ایسے اداکاروں کی ایک فہرست ہے جن کی قسمت شادی کے بعد بدلی اور وہ عروج پر پہنچے۔
شاہ رخ خان:ان میں سرفہرست کنگ خان، جی ہاں شاہ رخ خان ہیں، جنہوں نے دہلی میں کئی کھیل پیش کیے جس کے بعد وہ قسمت آزمائی کے لیے ممبئی پہنچے اور جدوجہد کی۔ وہ ہٹ ٹیلی ویڑن شوز جیسے ’فوجی‘ اور ’سرکس‘ سے مشہور ہوئے۔گو کہ انہوں نے بالی ووڈ میں کیریئر شروع کرنے کا نہیں سوچا تھا لیکن جب بھی اس کی کوشش کی تو ناکام رہے، جس کے بعد انہوں نے گوری چھبر سے اکتوبر 1991 میں شادی کرلی اور یہیں سے قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہوئی اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور لگاتار کامیاب فلمیں کرنے لگے۔شادی کے چند ماہ بعد 1992 میں دیوانہ سائن کی، تاہم شہرت کی بلندیوں کا آغاز ’ڈر‘، ’بازی گر‘ اور ’انجام‘ سے ہوا۔ پھر کیا تھا ’دل والے دلہنیاں لے جائیں‘ گے نے تو انہیں بام عروج پر پہنچا دیا۔
ریتک روشن:اسی طرح بالی ووڈ کے ایک اور اسٹار ریتک روشن کا معاملہ ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ سوزانے نے انہیں کئی حوالے سے تبدیل کیا۔ ریتک نے اپنی کامیابیوں کا مکمل کریڈٹ اپنی سابقہ اہلیہ سوزانے خان کو دیا۔اس سے قبل ان کی متواتر کئی فلمیں جیسے ’فضا‘ اور ’مشن کشمیر‘ فلاپ ہوئیں، لیکن شادی کے بعد انہوں نے ’کوئی مل گیا‘، ’جودھا اکبر’، ’کرش‘، ’گزارش‘، ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’اگنی پت‘ جیسی کامیاب فلمیں کیں۔
اکشے کمار:اکشے کمار بھی کہتے ہیں کہ شادی کے بعد ان کے کیریئر میں اٹھان آئی، ٹوئنکل کھنہ سے شادی اکشے کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی، ایک انٹرویو میں اکشے نے تسلیم کیا کہ انہیں اصل عروج میری لکشمی کے میری زندگی میں آنے کے بعد ملا۔ ان کے مطابق شادی کے بعد ’ہیرا پھیری‘، ’آوارہ پاگل دیوانہ‘، ’گرم مصالحہ‘ کے بعد انڈسٹری میں ان کی مانگ بے پناہ بڑھ گئی اور انہیں فلم فیئر نامزدگی سمیت کئی ایوارڈز ملنے لگے۔
امیتابھ بچن:بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن بھی اس معاملے میں اپنے جونیئرز سے پیچھے نہیں رہے، فلم ’زنجیر‘ کے بعد ان کی شادی ہوگئی، بس پھر کیا تھا کہ کچھ ہی عرصے میں لیوِنگ لیجنڈ بن گئے، ’چینی کم‘، ’پا‘ اور ’محبتیں‘ نے تو انہیں سپر اسٹار سے بڑھ کر اسٹیٹس دیا۔
ایوشمان کھرانہ:نئے آنے والے اداکاروں میں یہ اعزاز ایوشمان کھرانہ کو ملا، 2011 میں ان کی شادی بچپن کی دوست طاہرہ کیشپ سے ہوئی، بس پھر کیا تھا زندگی بدل گئی، وہ وی جے، ٹیلی ویڑن میزبان اور ریڈیو ڈی جے کا کام کیا کرتے تھے لیکن شادی کے بعد 2012 میں ان کا بالی ووڈ کیریئر اسٹارٹ ہوا اور پہلی فلم یامی گوتم کے ساتھ ’وکی ڈونر‘ کی، اب ان کا شمار بھی شادی کے بعد کامیابی حاصل کرنے والوں میں ہوتا ہے۔