بابر کی قیادت میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا کو ہراسکتی ہے،ایلن بارڈر
سڈنی،فروری۔سابق آسٹریلین کپتان ایلن بارڈر کا کہنا ہے کہ پاک آسٹریلیا سیریز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے اپنا نام بنانے کا سنہری موقع ہوگی۔ ایشیا میں آسٹریلیا کی ٹیم اکثر مشکلات کا شکار رہی ہے، البتہ مہمان ٹیم اس مرتبہ پاکستان کو پاکستان میں ہرا کر اس سیریز کو یادگار بناسکتی ہے۔ منگل کو پی سی بی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں تیزی سے ایک یونٹ بن کر ابھر رہی ہے،24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلین ٹیم کو شکست دینے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ دونوں ٹیموں میں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ یقین ہے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد سنسنی خیز میچز دیکھنے اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔ سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کا 24سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔