بابر کی قیادت میں ٹیم کامیابی سے ہدف حاصل، ریکارڈز بنارہی ہے
کراچی،جولائی۔ بابر اعظم کی قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم کو راس آگئی، ان کے کپتان بننے کے بعد ٹیم کامیابی کے ساتھ ہدف کا تعاقب اور ریکارڈز پر ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ بابر اعظم بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔گال ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف چھ وکٹ پر 344 رنز بناکر ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرا کامیاب ہدف عبور کیا۔ اس جیت میں بابر اعظم نے 119 اور 55 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان نے سب سے بڑا ٹارگٹ 377 رنز بھی سری لنکا کے خلاف حاصل کیا تھا۔ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں349 رنز بناکر سب سے بڑا ہدف عبور کیا تھا اس جیت میں بابر اعظم نے114 رنز بنائے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں پاکستان نے سب سے بڑا ہدف تین وکٹ پر 208 رنز بناکر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں بھی بابر اعظم نے79 رنز بنائے تھے۔