بائیڈن انتظامیہ ترکیہ کوایف 16 طیاروں کے جدیدکاری آلات کی فروخت کو تیار

واشنگٹن،اپریل۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اطلاع دی ہے کہ محکمہ خارجہ نے ترکیہ کے ایف 16 طیاروں کے موجودہ بیڑے کوجدید بنانے کے لیے 25 کروڑ 90 لاکھ ڈالرمالیت کے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔پینٹاگون کی جانب سے سوموار کو جاری کردہ بیان کے مطابق ترکیہ نے ایف 16 لڑاکا طیاروں کے موجودہ بیڑے جدید بنانیکے لیے سازوسامان اور خدمات خریدکرنے کی درخواست کی تھی۔اس معاہدے میں آپریشنل فلائٹ پروگرام (او ایف پی) ایویونکس کو آٹومیٹک گراؤنڈ کولیڑن تحفظ تصادم نظام (اے جی سی اے ایس) کی صلاحیت کے ساتھ اپ گریڈ کرنا اور ملٹی فنکشنل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم بلاک اپ گریڈ ٹو (ایم آئی ڈی ایس بی یو ٹو) کے انضمام کو ممکن بنانے کے لیے ہارڈویئرمیں دیگر تبدیلیاں شامل ہوں گی۔محکمہ خارجہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس کو اس فروخت کی منظوری سے آگاہ کردیا۔ترجمان نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا کہ ترکیہ نیٹو کا دیرینہ اور قابل قدر اتحادی ہے۔ عہدہ دار نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ترکیہ کی جانب سے اپنے ایف 16 بیڑے کے ایویونکس کو معیار پر لانے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے،اس فروخت سے مواصلات کو اپ ڈیٹ کرکے نیٹو کے ساتھ ترکیہ کے باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور زمینی تصادم سے بچنے کے نظام جیسے حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے اپ گریڈ کیا جائیگا۔قبل ازیں یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ امریکی کانگریس کی کمیٹیوں کے سربراہوں کی جانب سے معاہدے کی غیر رسمی منظوری کے بعدصدر جو بائیڈن کی انتظامیہ ترکیہ کے موجودہ ایف 16 طیاروں کی جدید کاری کے پیکج کی فروخت پرپیش رفت کے لیے تیار ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی منظوری کے بعد اب اگرکانگریس کی جانب سے باضابطہ منظوری دی جاتی ہے تو یہ پیکج ترکیہ کوامریکا کی جانب سے پہلی بڑی فوجی فروخت ہوگی جس کی کانگریس برسوں کے بعد منظوری دے گی۔سینیٹ کی خارجہ تعلقات اور ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹیوں کے ڈیموکریٹک اور ری پبلکن رہنماؤں نے بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔وہی ایسے جدید کاری کے پیکج کی منظوری دینے کے مجاز ہیں۔ترکیہ کی جانب سے فن لینڈ کو نیٹوفوجی اتحاد میں شامل کرنے کی منظوری اور 15 مئی کو ہونے والے انتخابات سے قبل ہمسایہ ملک یونان کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔یہ پیکج لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے نئے ایف 16 لڑاکا طیاروں اورقریباً 80 جدید کٹس کی مجوزہ 20 ارب ڈالرکی فروخت سے الگ ہے۔اس کی ترکیہ نے اکتوبر2021ء میں درخواست کی تھی۔متعدد امریکی قانون سازوں نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی ترکیہ کی جانب سے مخالفت، شام کے بارے میں اس کی پالیسی اور یونان کے ساتھ تناؤ جیسے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے بڑے پیکج کی مخالفت کی ہے۔

Related Articles