ای یو کا یوکرینی فوج کو روس کیخلاف لڑنے کیلئے تربیت کے آغاز کا اعلان
برسلز،نومبر۔ یورپین یونین نے یوکرین کے فوجیوں کو روس مخالف لڑنے کیلئے تربیتی مشن کے آغاز کا اعلان کردیا۔ اس تربیتی مشن کے تحت یوکرین کے15000فوجیوں کو جر منی اور پولینڈ میں فوجی تربیت دی جائے گی۔ اس بات کا اعلان یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے آج برسلز میں یورپین فارن افئیرز کونسل کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایک اہم فیصلہ یوکرینی فوج کے تربیتی مشن کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحث کے بعد ہم نے ریکارڈ وقت میں اس کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں ہی یہ آپریشنل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی مشن کے تحت15000یوکرینی فوجیوں کو پولینڈ اور جرمنی میں تربیت دی جائے گی۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے مزید کہاکہ یوکرین کیلئے میدان جنگ سے اچھی خبریں ہیں۔ خرسون شہر پر قبضے کی واپسی کے علاوہ روسی فوج پیچھے ہٹ رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ (روس کے خلاف) یوکرین کی فوجی حمایت کی حکمت عملی اچھی تھی۔ اجلاس میں مغربی بلقان کے علاقے کے دو ملکوں کوسوو اور سربیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، ایران میں مظاہرین پر جبر ، ایران کی جانب سے روس کی فوجی مدد اور افریقہ میں مسائل جیسے موضوعات ایجنڈے میں شامل ہونگے۔ جبکہ کل یورپین ڈیفنس کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔