ایمبر ہرڈ کی حمایت میں خط شائع کردیا گیا
لاس اینجلس،نومبر۔خواتین کے حقوق سے متعلق امریکی این جی او سمیت دیگر گروپس امریکی عدالت میں رواں سال سابق شوہر جونی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کیس ہارنے والی ایمبر ہرڈ کی حمایت میں سامنے آگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ کی حمایت میں خاتون امریکی صحافی گلوریا میری کی جانب سے ایک کھلا خط شائع کیا گیا جس پر خواتین کے حقوق سے متعلق کام کرنے والے گروپس اور دیگر کے 130 دستخط ہیں۔خط میں ایمبر ہرڈ کو کیس کا ٹرائل شروع ہوتے ہی ہراسگی کا سامنا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غلط معلومات کی وجہ سے ایمبر ہرڈ کو ہراساں کیے جانے میں شدت آئی تھی۔خط میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر تفریح کے لیے ایک خاتون کے گھریلو اور جنسی تشدد کے الزامات کا مذاق اڑایا گیا، وہی معلومات اور اقدامات اب دوسروں کے خلاف بھی استعمال کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ ایمبر ہرڈ کو جونی ڈیپ پر لگائے الزامات پر سوشل میڈیا پر طنز اور مذاق کا نشانہ بنایا گیا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال امریکی عدالت نے جونی ڈیپ کی جانب سے دائرہ کردہ ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ایمبر ہرڈ کو سابق شوہر کو ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ کے خلاف 5 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ساتھ ہی عدالت نے ایمبر ہرڈ کی جانب سے دائرہ کردہ 10 کروڑ ہرجانے کے دعوے میں جونی ڈیپ کو بھی 20 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔دونوں اداکاروں کے درمیان 2017ء میں طلاق ہوگئی تھی۔