ایشوریہ رائے کی بڑی اسکرین پر واپسی، پی ایس 1 کا ٹریلر جاری کردیا گیا
ممبئی،ستمبر۔ بالی ووڈ کی کوئین ایشوریہ رائے اپنی نئی فلم ’پوننین سیلون1‘ میں اداؤں کے جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز مانی رتنم کی فلم’پوننین سیلون1‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔دنیا بھر میں موجود لاکھوں دلوں پرراج کرنے والی خوبرو اداکارہ ایشوریہ رائے5 سال بعد اس فلم میں مرکزی کردار نبھاتی دکھائی دیں گی جس کا شائقین کو سالوں سے انتظار تھا۔پوننین سیلون میں ایشوریا رائے بچن 2 مختلف کرداروں میں نظر آئیں گی جن کی جھلک دیکھ کر مداح پہلے ہی اداکارہ پر دل ہار بیٹھے ہیں۔فلم کے ٹریلر اور آڈیو لانچ کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایشوریہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بڑی فلم کا حصہ بننے پر بیحد خوش ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ون بھارتی تاریخ سے جْڑی فلم ہے جو لوگوں کو بیحد پسند آئے گی۔پی ایس 1 کی ہدایتکاری کے فرائض مشہورِزمانہ فلموں دل سے، گرو، راون اور روجا کے ہدایتکار مانی رتنم نے نبھائے ہیں۔30 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم کی کہانی 10ویں صدی عیسوی میں ہندستان کی سب سے بڑی ریاست شمار ہونے والی چولا سلطنت کے گرد گھومتی ہے۔واضح رہے کہ پوننین سیلون کا ٹریلر 5 زبانوں تمل، تلوگو، ملیالم، ہندی اور کنڑ میں ریلیز کیا گیا ہے۔