ایشوریا اور دھنوش کی طلاق کے معاملے میں نیا موڑ آگیا
چنئی،جنوری۔جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار دھنوش اور ایشوریا رجنی کانتھ کی طلاق کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔دھنوش کے والد نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے دھنوش اور ایشوریا میں طلاق نہیں ہوئی ہے بلکہ دونوں میں خاندانی جھگڑے کے باعث علیحدگی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل دھنوش نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’دوست، جوڑے، والدین اور ایک دوسرے کے خیر خواہ کے طور پر 18 سال کا ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔‘تاہم اب دھنوش کے والد اور معروف ڈائریکٹر کستوری راجا نے ایک اخبار کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھنوش اور ایشوریا کی طلاق نہیں ہوئی، ان کے درمیان اختلاف رائے پر معمولی جھگڑا ہوا ہے، دونوں اس وقت ساتھ ہیں اور اس وقت حیدرآباد میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نے دھنوش اور ایشوریا سے بات بھی کی ہے اور انہیں اس معاملے میں نصیحتیں بھی کی ہیں۔ خیال رہے کہ ایشوریا رجنی کانت لیجنڈری اداکار رجنی کانت کی بیٹی ہیں، جبکہ ان کے اور دھنوش کے ہاں دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک 15 سالہ یاترا اور ایک 11 سالہ لنگا ہے۔