اکیڈمی ایوارڈ نے یوکرینی صدر کی ورچوئل خطاب کی درخواست مسترد کر دی
لاس اینجلس،مارچ۔اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز المعروف اکیڈمی ایوارڈ نے مسلسل دوسری بار یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کی جانب سے اکیڈمی ایوارڈز کی 12 مارچ کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہونے والی تقریب سے ان کے آن لائن خطاب کی درخواست مسترد کردی۔کامیڈین سے سیاستدان بننے والے اور مئی 2019 میں یوکرین کی صدارت سنبھالنے والے ولودومیر زیلینسکی کو ماضی میں دیگر ایوارڈز تقاریب میں خوش آمدید کہا گیا۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے اور اس کے علاقوں پر قبضے کے بعد انہوں نے گزشتہ برس کینز اور وینس کے فلمی میلوں کے موقع پر ورچوئل خطاب کیا تھا جبکہ حال ہی میں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بھی انہوں نے ایسا ہی کیا۔ولودومیر زیلینسکی نے برلن میں منعقدہ فلم فیسٹیول سے خطاب کیا تو وہاں موجود شرکا نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا تھا۔تاہم اطلاعات کے مطابق ڈبلیو ایم ای کے پاور ایجنٹ مائیک سمپسن کی جانب سے اکیڈمی سے درخواست کی گئی تھی کہ یوکرین کے صدر کو اتوار کو ہونے والی تقریب کے موقع پر ورچوئل تقریر کی اجازت دی جائے جسے مسترد کر دیا گیا۔