اکشے کمار زیادہ سے زیادہ کمائی کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ وضاحت پیش کردی
ممبئی،مارچ۔بھارتی سپر اسٹار اکشے کمار نے زیادہ سے زیادہ کام کرنے اور کمائی کرنے سے متعلق وضاحت پیش کردی۔ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کے کام زیادہ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے اپنی زندگی میں تین بنیادی الفاظ سمجھ آئے؛ کام، کمائی اور کرم (اچھے کام)۔‘انہوں نے کہا کہ میں جی جان لگا کر کام کرتا ہوں، زیادہ سے زیادہ کام کرتا ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ کمائی کر سکوں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو بھی کام ملتا ہے میں اس کے لیے منع نہیں کرتا۔ کیسا بھی کردار ہو، کیسا بھی فنکشن ہو، چاہے کسی بھی چیز کا اشتہار ہو، کیونکہ کام سے آتی ہے کمائی اور اس سے میں کوشش کرتا ہوں اچھے سے اچھے کرم کرنے کی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے میں نے زیادہ سے زیادہ ٹیکس دیا ہے، اور ساتھ میں میں نے اپنی کمائی کا 10 فیصد حصہ فلاحی کاموں میں بھی لگایا۔ان کا کہنا تھا کہ آج اگر کم کام کرنے، کم فلمیں کرنے اور کم اشتہار کرنے کے بارے میں سوچ لوں تو پھر اس کا اثر میرے راستے میں نظر آئے گا۔اکشے کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے بس اتنا ہی سمجھ آتا ہے کہ کام کر، کمائی کر اور کرم کر۔