اپنی والدہ کو قتل کرنے والے کینیڈین اداکار نے سفاکانہ واردات کی حیران کن وجہ بتا دی

اوٹاوا،جون۔ اپنی ماں کو قتل کرنے والے کینیڈین اداکار نے اس سفاکانہ واردات کی حیران کن وجہ بتا دی۔ میل آن لائن کے مطابق 24سالہ ریان گرانتھم نامی اس اداکار نے 2020ء میں اپنی 64سالہ والدہ باربرا وائٹ کو اس وقت قتل کیا جب وہ گھر میں پیانو بجا رہی تھی۔ ملزم نے پیچھے سے آ کر باربرا کے سر میں گولی ماری، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔قتل کرنے کے بعد ملزم نے والدہ کی لاش کو ایک کپڑے میں لپیٹ دیا اور اس کے گرد موم بتیاں جلا دیں۔ پراسیکیوٹرز نے ملزم سے تفتیش کی روشنی میں عدالت میں بتایا ہے کہ ملزم دراصل کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر چکا تھا اور وہ نہیں چاہتا تھا کہ اس کی ماں اس واردات سے آگاہ ہو، تاہم بعد ازاں اس نے جسٹس ٹروڈو کو قتل کرنے کا ارادہ ترک کر دیا۔ عدالت میں بتایا گیا کہ ماں کی لاش کے گرد موم بتیاں جلانے کے بعد ملزم نے اپنی کار میں 3بندوقیں، گولیاں اور دیگر سازوسامان رکھا اور دارالحکومت اوٹاوا کے لیے نکل پڑا، تاکہ وہاں پہنچ کر جسٹس ٹروڈو کو قتل کر سکے۔ اس نے منصوبہ بندی کی تھی کہ وہ جسٹس ٹروڈو پر حملہ کرنے سے قبل 50گھنٹے سے زائد سفر کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق بعد ازاں اس نے جسٹس ٹروڈو پر حملے کا ارادہ ترک کر دیا اور اپنی سابق یونیورسٹی میں جا کر طالب علموں پر فائرنگ کرنے کی منصوبہ بندی کی مگر پھر اس پر بھی عملدرآمد نہ کیا اور خود کو پولیس کے حوالے کر کے اعتراف جرم کر لیا۔ملزم کو عدالت سے ممکنہ طور پر عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔پراسیکیوٹرز کی طرف سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزم کو 17یا 18سال سے پہلے پیرول پر رہائی کی سہولت بھی نہ دی جائے۔ واضح رہے کہ ملزم ریور ڈیل نامی ڈرامہ سیریز سمیت کئی ڈراموں اور شوز میں اداکاری کر چکا ہے۔

 

Related Articles