آسکر ایوارڈز، ’’اِن میموریم‘‘ سیگمنٹ میں دلیپ کمار اور لتا نظرانداز
لاس اینجلس،مارچ۔سْروں کی ملکہ لتا منگیشکر اور بھارتی سنیما کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو 94ویں اکیڈمی ایوارڈز کے’ اِن میموریم‘ سیگمنٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ آسکر منتظمین کی جانب سے بھارت کے ان مشہور شخصیات کو نظرانداز کیے جانے پر بھارتی شائقین میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ آسکر 2022 کی تقریب میں بھارتی سنیما کے دو بڑے چہروں کو نظرانداز کیا جانا لوگوں کے لیے حیرت کی بات ہے، خاص طور پر جب اس مہینے کے شروع میں برٹش اکیڈمی فلم اینڈ ٹیلی ویڑن ایوارڈز کی جانب سیلتا منگیشکر اور کشورکمار کو اعزاز سے نوازا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ سال 2021 میں آسکر نے اداکار عرفان خان اور آسکر ایوارڈ یافتہ فیشن ڈیزائنر بھانو اتھیا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔ جبکہ بولی وڈ کے ستارے رشی کپور اور سشانت سنگھ راجپوت کا ذکر اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی آفیشل ویب سائٹ پرکیا گیا تھا۔ بھارت کے دو لیجنڈز کو نظرانداز کیے جانے کے بعد بھارتی شائیقن نے ٹوئٹر پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ایک صارف نے دا اکیڈمی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ شرم کی بات ہے کہ ہر دور کی سب سے عظیم ہستیوں لتا منگیشکر اور دلیپ کمار کو خراج عقیدت نہیں پیش کیا گیا۔انہیں ان میموریم سیکشن میں لتا منگیشکر اور دلیپ کمار کو جگہ دیا جانا چاہیے تھا۔ وہ سینما لیجنڈز ہیں! آسکر۔اکیڈمی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی 2022 کی فہرست میں جہاں لتا منگیشکر کے نام کو شامل کیا گیا ہے، وہیں دلیپ کمار کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ براہ راست ٹیلی کاسٹ کے دوران آسکرز نے سڈنی پوئٹیئر، بیٹی وائٹ، کارمین سیلیناس، اولیویا ڈیوکاکس، ولیم ہرٹ، نیڈ بیٹی، پیٹر بوگڈانووچ، کلیرنس ولیمز III، مائیکل کے ولیمز، جین پال بیلمونڈو، سیلی کیلرمین، یوویٹ مائیکس جیسے اداکاروں کو اعزاز سے نوازا۔