آسٹریلیا کا کرنسی سے برطانوی بادشاہت کی علامات ختم کرنے کا اعلان
میلبورن،فروری۔ آسٹریلیا نے اپنے کرنسی نوٹوں سے برطانوی بادشاہت کی علامات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبر وں کے مطابق آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے کہا کہ پانچ ڈالر کے کرنسی نوٹ پر سابق ملکہ الزبتھ دوم کی جگہ مقامی آسٹریلوی ثقافت کی تصویر ہوا کرے گی۔پانچ ڈالر کے کرنسی نوٹ پر برطانیہ کے نئے شاہ چارلس سوم کی تصویر نہ چھاپنے کا مطلب یہ ہے کہ اب آسٹریلیا کے کرنسی نوٹ پر کسی بادشاہ کی تصویر نہیں ہوا کرے گی۔آسٹریلیا کے ریزرو بینک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کے مقامی باشندوں سے نوٹ کے نئے ڈیزائن کے بارے میں مشاورت کرے گا کہ آسٹریلوی باشندوں کی ثقافت اور تاریخ کو ترجیح دی جائے۔گزشتہ سال 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کے اتنقال کے موقع پر آسٹریلیا میں سرکاری سطح پر سوگ کا اعلان ہوا تھا لیکن بعض آسٹریلوی مقامی باشندوں کی تنظیموں نے برطانوی نوآبادیاتی دور کے تباہ کن اثرات کے خلاف احتجاج کیا تھا اور بادشاہت کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ اس کے فیصلے کو وزیراعظم انتونی البنیز کی حکومت کی حمایت حاصل ہے جو آسٹریلیا کو جمہوری ریاست بنانے کے حامی ہیںآسٹریلیا کے ریزرو بینک کے اس اقدام کو ریپبلکن تحریک نے سراہا ہے۔