آر بی آئی مالی استحکام کی حفاظت کرتے ہوئے انوویشن کے لیے تیار: شکتی کانت داس
ممبئی، جولائی۔ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر ڈاکٹر شکتی کانتا داس نے کہا ہے کہ جغرافیائی سیاسی عدم استحکام اور سنگین عالمی حالات کے باوجود ہندوستانی معیشت اس وقت نسبتاً بہتر حالت میں ہے۔مسٹر داس نے جمعہ کو کہا کہ آر بی آئی کے مالی استحکام کی حفاظت کرتے ہوئے یہ ایک سازگار ریگولیٹری ماحول بنانے کے لیے پرعزم ہے جس میں نئی تبدیلی کی انوویشن کو صحت مند طریقے سے جذب کیا جا سکتا ہے۔آر بی آئی کے گورنر نے کہاکہ "تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ جب ٹیکنالوجی، مارکیٹ کے شرکاء اور ریگولیٹری ادارے مل کر کام کرتے ہیں تو یہ انقلابی انوویشن کو آگے بڑھا سکتا ہے اور اقتصادی ترقی کو تیز کر سکتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے بینک آنے والے دنوں میں اس کو درست ثابت کریں گے۔ مسٹر داس ممبئی میں بینک آف بڑودہ کی سالانہ بینکنگ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں بینکنگ، کاروبار پہلے سے زیادہ تعاون پر مبنی ہونے کے ساتھ ساتھ زیادہ مسابقتی ہو جائے گا، نئے آنے والے جدید مصنوعات کے ساتھ آئیں گے۔ موجودہ بینکوں کو اس بدلتے ہوئے ماحول کے لیے تیار رہنا ہوگا اور ساتھ ہی انہیں صحت مند ترقی، پائیداری اور صارفین کی اطمینان پر توجہ کے ساتھ ایک مناسب کاروباری ماڈل کو برقرار رکھنا ہوگا۔مسٹر داس نے کہاکہ "زیادہ اہم کمپنی کی گڈ گورننس پالیسی ہے۔ اچھی حکمرانی کامیابی کی بنیاد ہے اور اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔آن لائن فراڈ کو روکنے کے لیے بینکوں کو مناسب انتظامات برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے آر بی آئی گورنر نے کہاکہ”اسٹیک ہولڈرز کو ڈیجیٹل فراڈ، ڈیٹا چوری اور سائبر کرائمز سے بچانے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ آخرکار، بینکنگ ایک سروس ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ صارفین کے مفاد کے زیادہ سے زیادہ تحفظ اور سہولت کو ترجیح دی جائے۔‘‘