آریان خان سے متعلق چند دلچسپ انکشافات
ممبئی،اکتوبر۔چند روز قبل بھارتی انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے کروز شپ پر ایک پارٹی میں چھاپا مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو حراست میں لیا گیا تھا۔منشیات پرآمدگی کیس میں گرفتار ہونے کے بعد سے آریان خان خبروں کی زینت بن گئے ہیں اور اس کیس میں تفتیش کے دوران ان کے بارے میں کئی ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جو پہلے کسی کو معلوم نہیں تھیں۔یہاں آریان سے متعلق چند حقائق پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں جن کے بارے میں آپ شاید پہلے نہ جانتے ہوں۔ کنگ خان کے بیٹے آریان خان نے بطور چائیلڈ اسٹار بالی ووڈ کی بلاک بسٹر مووی ’ کبھی خوشی کبھی غم ‘ سے بہت چھوٹی سی عمر میں ہی انڈسٹری میں قدم رکھ دیا تھا۔ آریان خان ایک بہت اچھے وائس اوور آرٹسٹ ہیں، انہوں نے ایک امریکی کارٹونز ’دی انکریڈیبلز ‘ اور 2019 میں فلم ’دی لوئن کنگ ‘ کے ہندی ورڑن کے لیے وائس اوور کروایا تھا، اس کے علاوہ 2004 میں بہترین ڈبنگ چائلڈ آرٹسٹ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔آریان خان کوریئن مارشل آرٹس تائیکوانڈو کے چیمپئن بھی ہیں۔ آریان خان اپنے والد شاہ رخ خان کی مدد سے نہیں بلکہ اپنی محنت سے نام کماکر والد سے زیادہ کامیاب ہو کر دکھانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ ان کے بیٹے آریان کو اداکار بننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ فلم ساز اور مصنف بننا چاہتے ہیں۔ آریان خان کو ( sickness car ) یعنی دورانِ سفر متلی ہونا اور ٹھنڈے پسینے آنا، گھبراہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے وہ سفر کے بعد لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے ہیں۔واضح رہے کہ آریان خان نے دوران تفتیش بھی اپنی زندگی کے بارے میں حیران کْن انکشافات کیے ہیں کہ وہ پچھلے چار سال سے منشیات لینے کے عادی ہیں۔اس کے علاوہ آریان نے یہ بھی بتایا کہ والد شاہ رخ خان سے ملاقات کے لیے انہیں والد کی سیکریٹری سے وقت لینا پڑتا ہے کیونکہ وہ بہت زیادہ مصروف رہتے ہیں۔