اومی کرون میں کمی،اسکاٹش فرسٹ منسٹر نے پابندیاں ختم کردیں
گلاسگو ،جنوری۔ اسکاٹ لینڈ میں اومی کرون وائرس کی لہر اب نیچے کی طرف جا رہی ہے، صورت حال بہتر ہونے پر اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے 24 جنوری سے کرسمس کے موقع پر نافذ کی گئی کئی پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک میٹر کے سماجی فاصلے کی حد، گھروں میں صرف تین گھرانوں تک افراد کے جمع ہونے کی شرط، ہاسپیٹلٹی انڈسٹری، بارز میں ٹیبل سروس، نائٹ کلب اور تھیٹرز کی بندش بھی ختم کر دی گئی ہے، اِن ڈور پروگرامز میں افراد کی تعداد بھی ختم کر دی گئی ہے جب کہ آئوٹ ڈور ایونٹس مثلاً فٹ بال میچز وغیرہ میں شرکاء کی تعداد پر پابندی سوموار کو ختم ہو گئی تھی۔ کوویڈ پاسپورٹ کی اسکیم میں بھی مزید توسیع نہیں کی جارہی ، البتہ اِن ڈور اور عوامی ٹرانسپورٹ میں فیس ماسک کی پابندی ابھی برقرار رہے گی اور ساتھ ہی عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ابھی ہر ممکن حد تک گھروں سے ہی کام کریں۔ انہوں نے وارننگ دی کہ بچوں کے اسکولوں میں جانے، لوگوں کے کام کی طرف جانے، کورونا پابندیاں ختم ہونے اور بد احتیاطی سے کیسز دوبارہ بڑھ بھی سکتے ہیں۔