انگلینڈ کے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی سےجنوبی افریقہ کی شکست
مانچسٹر، جولائی ۔عادل رشید (3 وکٹ)، ریس ٹوپلی (2 وکٹ) اور معین علی (2 وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 118 رنز سے شکست دے دی۔ جمعہ کو بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ نے افریقہ کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 83 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد انگلینڈ پہلے بیٹنگ کرنے آیا لیکن وہ وقفے وقفے سے وکٹیں کھوتا رہا۔ 101 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد لیام لیونگسٹن اور سیم کیرن نے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا۔ لیونگسٹن نے 26 گیندوں میں تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 38 رنز بنائے جبکہ کیرن نے 18 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیوڈ ولی نے 21 (21) اور عادل رشید نے 12 (12) رنز بنائے اور انگلینڈ کی ٹیم 28.1 اوورز میں 201 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی ٹیم مسلسل پانچویں ون ڈے میں پورےاوور کھیلے بغیر آل آؤٹ ہوگئی۔ افریقہ کی جانب سے ڈوین پریٹوریئس نے چھ اوورز میں 36 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی اور اونرک نورکھیا نے دو دو جبکہ کپتان کیشو مہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 202 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ کے لیے کافی چیلنجنگ نہیں تھا لیکن انگلینڈ کی سخت گیند بازی کے سامنے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ جنوبی افریقہ کے چار بلے باز صفر پر پویلین لوٹ گئے، آٹھ بلے باز 10 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکے۔ ہینرک کلاسن نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ پریٹوریئس نے 17 (25) اور ڈیوڈ ملر نے 12 (13) رنز بنائے اور جنوبی افریقہ 83 رنز پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے چھ اوورز میں 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ریس ٹوپلے نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر دو وکٹیں اور معین علی نے 4.4 اوورز میں 22 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ ولی اور سیم کیرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 24 جولائی کو ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔