انسانوں کے تاثرات کی نقل کرنے والا ‘دنیا کا سب سے جدید روبوٹ
نیویارک،اگست۔دنیا کے ‘انسان جیسے سب سے جدید’ روبوٹ امیکا سے ملاقات آپ کی زندگی کا عجیب ترین تجربہ ہوگا کیونکہ یہ متعدد انسانی تاثرات کی نقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ تاثرات متاثر کن ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ افراد کو دہشت زدہ بھی کرسکتے ہیں۔اس روبوٹ کو انجینئرڈ آرٹس نامی کمپنی نے تیار کیا ہے جو انسانوں جیسی مشینیں تفریح، تعلیم اور تحقیق کے لیے تیار کررہی ہے۔یہ بنیادی طور پر سیکنڈ جنریشن روبوٹ ہے جس کے چہرے میں اولین ماڈل کے مقابلے میں 12 موٹرز زیادہ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس کے چہرے کے تاثرات بھی سابقہ ماڈل کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔مجموعی طور پر روبوٹ کے چہرے میں 27 موٹرز جبکہ گردن میں 5 موٹرز موجود ہیں۔اس سے ہٹ کر بھی پورے جسم میں درجنوں موٹرز رکھی گئی ہیں اور ہاں فی الحال یہ روبوٹ چلنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔کمپنی نے زیادہ توجہ موشن کیپچر ٹیکنالوجی پر مرکوز کی ہے تاکہ یہ انسانی چہرے کے تاثرات کی نقل کرسکے، اس کے ساتھ ساتھ یہ ہاتھوں کو بھی لہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ انسانی چہرے میں متعدد تاثرات موجود ہوتے ہیں اور اکثر تو الفاظ کی جگہ تاثرات سے ہی مفہوم بیان کردیا جاتا ہے۔بیان کے مطابق اسی کو دیکھتے ہوئے ہم ایسے روبوٹس پر کام کررہے ہیں جو انسانی تاثرات کی نقل اور انہیں استعمال کرسکیں۔کمپنی نے بتایا کہ روبوٹ میں Automated speech recognition کا فیچر بھی دیا گیا ہے تاکہ لوگ اس سے بات کرسکیں، مگر یہ ٹیکنالوجی ابھی بہت زیادہ اچھی نہیں۔اس روبوٹ کو فروخت بھی کیا جائے گا مگر فی الحال اس کی قیمت کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔