امیتابھ بچن کو 5 سالہ بچے کا بڑھاپے میں گھر آرام کرنیکا مشورہ

ممبئی ،جولائی۔ بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن حیران رہ گئے جب ایک بچے نے ان سے پوچھا کہ وہ 79 سال کی عمر میں بھی کیوں کام کر رہے ہیں، گھر بیٹھیں، آرام کریں۔امیتابھ بچن جلد ہی 80 سال کے ہو جائیں گے لیکن وہ ابھی بھی دل سے جوان ہیں، بولی وڈ س’پر اسٹار نے حال ہی میں اپنے بلاگ میں ایک واقعے کے بارے میں لکھا کہ ایک بچے نے انہیں گھر بیٹھنے اور آرام کرنے کا مشورہ دیا۔بگ بی نے اپنے بلاگ میں اس واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ایک مہم پر کام کر رہے تھے جب بچے نے ان سے رابطہ کیا اور اداکار سے آن کی عمر کے بارے میں پوچھا۔امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ میں ایک مہم کے لیے کام پر تھا اور منظر میں ایک چھوٹا بچہ تھا جس کی عمر تقریباً 5 یا 6 سال تھی، ایک ریہرسل کے درمیان وہ بچہ میری طرف متوجہ ہوا اور اس نے کہا کہ معاف کیجیے، آپ کی عمر کتنی ہے؟ میں نے کہا ’ 80 سال۔اداکار نے لکھا کہ میری عمر سُن کر آس بچے نے پلٹ کر کہا اوہ! تو آپ کیوں کام کر رہے ہیں؟ میرے دادا دادی گھر بیٹھے آرام کر رہے ہیں، آپ کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔ بگ بی نے مزید لکھا کہ میرے پاس اس بچے کے لیے کوئی جواب نہیں تھا، بنیادی طور پر اس لیے کہ میں اس 5 سال کے بچے کی غیر معمولی سچائی پر حیران تھا، شوٹ کے اختتام پر بچے کے ساتھ ایک تصویر لی اور اسے ایک آٹوگراف دیا۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن آیان مکھرجی کی فلم ’براہمسترا‘ میں نظر آئیں گے، آنے والی فلم میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور بھی ہیں، یہ فلم 9 ستمبر، 2022 ء کو ریلیز ہو گی۔

 

Related Articles