امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کرونا کا شکار
تل ابیب،مارچ۔اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر نے آج پیر کے روز بتایا ہے کہ طبی معائنے اور ٹیسٹ کے نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ بینیٹ کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے اتوار کی شام بیت المقدس میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن سے ملاقات کی تھی۔ادھر امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایا کہ بلنکن کا آج پیر کے روز کرونا کا ٹیسٹ ہو گا۔واضح رہے کہ پچاس سالہ اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ لاک ڈاؤن سے اجتناب برتتے ہوئے کرونا کی ویکسین لگوانے اور ماسک لگانے کے شدید حامی ہیں۔بینیٹ کرونا کی بنیادی ویکسین کے علاوہ بوسٹر بھی لگوا چکے ہیں۔بینیٹ نے اتوار کے روز امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کا استقبال کیا تھا۔ بلنکن آج پیر کے روز اسرائیل کی میزبانی میں چھ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر وزرائے خارجہ کا تعلق اسرائیل ، مصر ، امارات ، بحرین اور مراکش سے ہے۔