امریکی بندرگاہوں پر چینی کرینیں جاسوسی کے آلات ہیں، پینٹا گون کا دعویٰ
واشنگٹن ،مارچ۔ امریکی حکام نے تشویش ظاہر کی کہ ملک بھر کی امریکی بندرگاہوں پر کام کرنے والی چینی ساختہ دیو ہیکل کرینیں بیجنگ کے لیے جاسوسی کے آلات بن سکتی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی بندرگاہوں پر چینی فوج کے زیر استعمال کرینیں بھی موجود ہیں۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ چین میں قائم زید پی ایم سی کی بنائی ہوئی کرینیں جہاز سے بندرگاہوں تک سامان لے جاتی ہیں۔ یہ کرینیں نسبتاً سستی ہیں لیکن ان میں جدید ترین سینسرہیں جو کنٹینروں کا ڈیٹا ریکارڈ اور ٹریک کر سکتے ہیں۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق دنیا بھر میں امریکی فوجی کارروائیوں میں مدد کے لیے ملک کے اندر یا باہر بھیجے جانے والے سامان کے بارے میں معلومات کو چرایا جا سکتا ہے۔ 2021ء میں ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے زیڈ پی ایم سی کی کرینوں کو بالٹی مور کی بندرگاہ پر لے جانے والے کارگو جہاز کی تلاشی لی تھی اور خفیہ معلومات اکٹھا کرنے والا سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے کرینوں کے بارے میں امریکی خدشات کو چین کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو روکنے کی ایک بے وقوفانہ کوشش قرار دیا۔ حالیہ برسوں میں امریکی قومی سلامتی کے حکام نے چین میں تیار کردہ آلات کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کیہ چین دنیا کے تقریباً تمام نئے شپنگ کنٹینر کو نہ صرف تیار کرتا ہے ،بلکہ شپنگ ڈیٹا سروس کو کنٹرول بھی کرتا ہے۔