امریکہ میں کنسرٹ کے دوران بھگڈر سے ہلاکتوں کی مجرمانہ انکوائری کا آغاز

ہیوسٹن،نومبر۔امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے آٹھ افراد کی ہلاکتوں کی مجرمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔یہ واقعہ جمعے کی شب ایسٹرو ورلڈ فیسٹیول کے دوران اس وقت پیش آیا جب امریکی ریپر ٹریویس اسکاٹ اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے تھے۔حکام کے مطابق کنسرٹ میں ہزاروں افراد موجود تھے اور اس دوران پرجوش نوجوانوں نے اسٹیج کے قریب جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔سٹی پولیس چیف ٹرائے فنر کا کہنا ہے کہ اْنہیں ایسی غیر مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ مجمعے میں موجود بعض افراد لوگوں کو نشہ آور انجکشن لگا رہے تھے۔ لہٰذا اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔پولیس کے مطابق ہیوسٹن کے این آر جی پارک میں 50 ہزار کے لگ بھگ افراد موجود تھے کہ اس دوران لوگوں نے اسٹیج کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ بے ہوش ہو کر گرنے لگے جن میں سے کچھ کی ہلاکتیں دل کا دورہ پڑنے سے ہوئیں جب کہ کچھ دیگر طبی وجوہات کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ہیوسٹن کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ چیف لیری سٹیروائٹ کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیج کے سامنے ہی موجود تھے، لیکن یہ سب کچھ بہت اچانک اور محض پلک جھپکتیہوا۔اْن کے بقول اْنہوں نے کنسرٹ انتظامیہ سے شو ختم کرنے کا کہا جس کے بعد کنسرٹ ختم کر دیا گیا۔ایک اور سیکیورٹی اہل کار نے بتایا کہ اْنہیں اس وقت اپنی گردن میں سوئی کی چبھن محسوس ہوئی جب وہ مجمعے کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے بعد وہ بے ہوش ہو کر گر گئے۔اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر ٹریویس اسکاٹ نے بھی واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی ہمدردیاں واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات سیکیورٹی اور حفاظت کے قواعد و ضوابط سے متعلق ہو گی کہ تاکہ مستقبل میں اتنے بڑے مجمعے میں بدنظمی یا کسی بھی ممکنہ واردات کی روک تھام ہو سکے۔

 

Related Articles