امریکا کا بڑا بینک دیوالیہ، بینکوں کی سرگرمیاں معطل
واشنگٹن ،مارچ۔ امریکا کے بڑے بینک کے دیوالیہ ہونے پر بینک کی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ امریکی مالیاتی نگران اداروں نے سیلیکون ویلی بینک پر تالا ڈال دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا کے بعض اہم ترین اداروں کو سرمایہ فراہم کرنے والے بینک ایس وی بی کے پاس فنڈ ختم ہو گئے،جس کے بعد کیلیفورنیا کے مالیاتی نگران ادارے نے بینک کی سرگرمیاں بند کر دیں۔ فیڈرل ڈپازٹ انشورنس کارپوریشن کو بینک کے کھاتوں میں جمع ایک کھرب 70 ارب ڈالر سے زیادہ رقم کی نگرانی کا کام سونپ دیا گیا۔ دسمبر کے اختتام پر بینک کے پاس 2 کھرب 9 ارب ڈالر کے اثاثے موجود تھے۔ 10مارچ کو دیوالیہ ہونے کے وقت سیلیکون ویلی بینک امریکا میں سولہواں سب سے بڑا بینک تھا، اور بینک کے ڈپازٹس کے لحاظ سے یہ سب سے بڑا بینک تھا۔ یہ بینک 1983میں قائم کیا گیا تھا اور اس کی گاہک نئی کاروباری کمپنیاں تھیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق صارفین نے دیکھا کہ بینک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے تو تیزی سے بینک سے اپنے کھاتے نکالنا شروع کر دیے۔ اخبار نے لکھا کہ بینک سرمایہ کاروںکا اعتماد جیتنے میں ناکام رہا،جس کے باعث اسے یہ وقت دیکھنا پڑا۔ دوسری جانب صدر جوبائیڈن نے بینکنگ بحران کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے اثاثے محفوظ ہیں، بینکو ں کو خسارے میں ڈالنے والے ذمے داروں کا احتساب ضرور ہوگا۔