الجزائر میں سعودی سفارت خانہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا مشتبہ شخص گرفتار
الجزائر،فروری ۔الجزائر کے دارالحکومت الجزائر میں سعودی عرب کے سفارت خانے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے مشتبہ شخص کو الجزائری سکیورٹی فورسز نے گرفتارکرلیا ہے۔سعودی سفارت خانہ کو بدھ کوعلی الصباح ایک شخص کی کال موصول ہوئی تھی۔ اس نے سفارت خانے کو بم سے اڑانے کی براہ راست دھمکی دی تھی، جس کے بعد سفارت خانے کے حکام نے فوری طور پرالجزائر کی متعلقہ سکیورٹی فورسز کو مطلع کیا تھا۔الجزائر کے سرکاری ٹیلی ویڑن کی اطلاع کے مطابق دارالحکومت کی سکیورٹی فورسز نے تفتیش کے بعد مشتبہ شخص کوگرفتارکرلیا ہے اور مقدمے کی کارروائی سے قبل اس شخص کے طبی معائنے اور نفسیاتی ٹیسٹ کیے گئے تھے۔سعودی سفارت خانہ نے ایک بیان میں تخریبی کارروائی کی دھمکی دینے والے شخص کی گرفتاری پرالجزائر کے حکام کی غیرمعمولی کوششوں کو سراہا ہے اورالجزائر کی سکیورٹی فورسز پریقین اوراعتماد کا اظہار کیا ہے جنھوں نے سفارت خانہ اوراس کے ملازمین کوکسی ممکنہ خطرے سے بچانے اورایسا کرنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لانے میں بلاتاخیرکارروائی کی ہے۔