افغانستان: بلخ میں پھردھماکہ، ایک جاں بحق، 5 زخمی
مزار شریف،مارچ۔افغان پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے شمال میں واقع صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں آج ہفتے کے روز پھر ایک دھماکہ ہوگیا ہے۔ جمعرات کو بھی بلخ میں دھماکہ ہوا تھا جس میں بلخ کے گورنر داؤد مزمل جاں ہوگئے تھے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری تنظیم ’’داعش‘‘ نے قبول کی تھی۔ہفتہ کو افغان پولیس کے بیان میں بتایا گیا کہ دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ بلخ پولیس کے ترجمان محمد آصف وزیری نے کہا کہ بلخ کے دوسرے پولیس ڈسٹرکٹ میں ایک دھماکہ ہوا ہے۔ ہم تفصیلات کا اعلان بعد میں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا امکان نہیں ہے۔خیال رہے طالبان حکام جمعرات کو ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس میں صوبائی گورنر اور دو دیگر افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ گورنر کے دفتر میں کیا گیا تھا۔تنظیم ’’داعش‘‘ نے ایک بیان میں، جو اس کی عماق نیوز ایجنسی کے ذریعے شائع کیا گیا ہے، کہا تھا کہ اس کا ایک جنگجو ریاست کے گورنر کا ان کے دفتر کے باہر انتظار کر رہا تھا۔ گورنر کے نکلتے ہی وہ تیزی سے آگے بڑھا اور اپنی دھماکہ خیز مواد سے دھماکہ کردیا۔